اپوزیشن اتحاد نے مجوزہ 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف ملک گیر تحریک چلانےکا اعلان کردیا۔ تحریک چلانے کا اعلان سربراہ اپوزیشن اتحاد محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصرعباس نے کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں سربراہ اپوزیشن اتحاد محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ آئین ریاست اور باسیوں کے درمیان عمرانی معاہدہ ہوتا ہے، مجھ سے آئین کے تحفظ کا پانچ بار حلف لیا گیا ہے، عوام کو کوئی تسلیم نہیں کر رہا لہٰذا ہم عوام کے پاس جا رہے ہیں، عوام بھی پوچھتے رہےکہ کب تحریک کی ابتدا ہونی ہے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ جس طرح یہ آئین کی بنیادوں کو ہلا رہے ہیں تحریک کے سوا کوئی چارہ نہیں، کل رات سے ہماری ملک گیر تحریک شروع ہو جائےگی۔
سربراہ اپوزیشن اتحاد کا کہنا تھا کہ ہمارا کل رات سے ایک ہی نعرہ ہوگا، جمہوریت زندہ باد آمریت مردہ باد ، ہمارا تیسرا نعرہ قیدیوں کی رہائی سے متعلق ہوگا۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم بتائیں گے کہ پاکستان کے عوام جو چاہیں گے وہی فیصلہ ہوگا، ہم بتائیں گے کہ آئین بالادست اور پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہوگی۔
علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ قوم 27 ویں آئینی ترمیم کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، پاکستان کے اندر جمہوری ادارے مفلوج کر دیےگئے ہیں، آئینی اقدامات کرکے طاقت وروں کو مزید طاقت دے دی گئی ہے۔