ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ استنبول میں پاکستان اور افغان طالبان کے مذاکرات جاری ہیں ، مذاکرات میں ثالثوں نے پاکستان کے مؤقف کی مکمل تائید کی۔ پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان نے ثالثوں کو شواہد پر مبنی مطالبات حوالے کر دیئے ہیں ، ثالث افغان طالبان کیساتھ ہمارے مطالبات پر نکتہ بہ نکتہ بات چیت کر رہے ہیں ، سوشل میڈیا کے کسی قسم کے بیان پر دھیان نہ دیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کا واضح موقف ہے کہ افغان سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہو۔ افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم باکو میں آذربائیجان کے یوم فتح کی 5 ویں سالگرہ کی تقریب میں شر کت کریں گے۔
طاہر اندرابی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی سرپرستی یا فتہ دہشتگردی کا سامنا کر رہے ہیں، صدر مملکت نے دوحہ کانفرنس سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پانی پاکستان کیلئے بقا کا معاملہ ہے ، سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان اسرائیل کی غزہ جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے، فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہونا چاہئے۔