وزیراعظم شہباز شریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال اور اہم قومی امور پر بات چیت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان موجودہ سیاسی صورت حال، سیلاب اور خارجہ پالیسی پر بات چیت کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات صدر آصف زرداری اور لیگی رہنماؤں کے درمیان نوابشاہ میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کے درمیان مخالفانہ بیان بازی روکنے پراتفاق ہوگیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری سے نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ملاقات کی تھی جس میں معاملات کو افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق کیاگیا تھا۔
یاد رہے کہ سیلاب زدگان کیلئے عالمی امداد کے مشورے سے شروع ہونے والے سیاسی جھگڑے میں صرف ایک دوسرے پر تنقید ہی نہیں ہوئی بلکہ بات اس سے بھی کہیں آگے بڑھ چکی تھی۔ صدر آصف علی زرداری سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گزشتہ رات نوابشاہ کے زرداری ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے، اس دوران دونوں جانب کے شکوے شکایات، سخت بیانات کے تبادلے اور کشیدگی پر غور کیا گیا اور معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دونوں اتحادی جماعتوں کےدرمیان اختلافات اس وقت شدید ہوگئے تھےجب بلاول بھٹو سمیت پی پی رہنماؤں کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے عالمی سطح پر امداد کی اپیل پر زور دیا گیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے مشورے اپنے ہی پاس رکھنے کا پیغام دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ یکسر مسترد کردیا تھا۔