وزیراعظم شہباز شریف نے گردشی قرضے کے منصوبے کو اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گردشی قرضے کے مسئلے سے نمٹنا بہت بڑی کامیابی ہے۔شعبہ توانائی کے گردشی قرضے کے خاتمےکے لیے طے شدہ منصوبےکی افتتاحی تقریب سے نیویارک سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ گردشی قرضہ مسلسل بڑھتا اور ہمارے وسائل نگلتا جارہا تھا، پاکستان کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اس مسئلے کو کامیابی سے حل کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وزیرتوانائی کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے مستعدی سے کام کیا اور آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے، یہ پوری حکومت اور اسٹیک ہولڈرز کی کامیابی ہے، یہ کوئی آسان کام نہیں تھا، اس حوالے سے پنجاب بینک کے سربراہ ظفر مسعود اور گورنر اسٹیٹ بینک نے اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پس منظر میں بے پناہ سپورٹ تھی، ان تمام عوام کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے اہم ملاقات ہوئی، ایم ڈی آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی بہتری کی تعریف کی، وزیراعظم نے کہاکہ میرے کانوں نے پہلی بار آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے تعریف سنی ہے، سربراہ آئی ایم ایف نے سیلاب کے حوالے سے تعاون کرنے کی بھی یقینی دہانی کرائی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر اسی طرح سے چلیں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی، اس کامیابی کا کریڈٹ ٹیم پاکستان کوجاتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری اگلا مرحلہ ہے، ڈسٹری بیوشن لائنز اور لائن لاسز بڑے چیلنجز ہیں، اس حوالے سے بڑے اعتماد اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
اس سے قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے ایک سال سے کوششیں جاری تھیں، گردشی قرضےکےخاتمے کی اسکیم اہم سنگ میل ہے، گردشی قرضےکےخاتمےکےشعبے پر دوررس اثرات مرتب ہوں گے،توانائی کے شعبے کے ٹیکسوں میں کمی لانے پر بھی کام کریں گے۔