وزیرِ اعظم شہباز شریف سے بیلا روس کے وزیر داخلہ ایون کبراکوو نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات کی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مہمان وزیر داخلہ ایون کبراکوو سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان اور بیلا روس کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
دورانِ ملاقات شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیلا روس کے صدر کے دورہِ پاکستان کے منتظر ہیں، جبکہ مہمان وزیرِ داخلہ نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پرشکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایون کبراکوو نے کہا ہم دونوں ممالک کے درمیان زراعت اور صنعت سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے اپنے دورہِ پاکستان کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے اپنی ملاقاتوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ملاقاتیں دونوں ممالک کے تعلقات کو آگے بڑھانے کے حوالے سے انتہائی مفید رہی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا کہ بیلاروس کے وزیر داخلہ ایون کبراکوو نے وفد کے ہمراہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا دورہ بھی کیا۔ وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک نے بتایا کہ ہنر مند پاکستانیوں کو بیلاروس بھجوانے کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان آج مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔
جس کے بعد ہنر مند پاکستانیوں کو بیلا روس بھجوانے کا عمل باقاعدہ طور پر شروع ہو جائے گا، بیلا روس پاکستانی ہنر مند افراد کو میڈیکل سمیت سماجی تحفظ کی دیگر سہولیات بھی فراہم کرے گا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل محمد عون چوہدری اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔