چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے لاہور ہائیکورٹ کے بانی تحریک انصاف کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کے فیصلے پر سوال اٹھا دیے۔ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی آٹھ اپیلوں پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو قانونی نکات پر تیاری کا حکم دیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مختصر سماعت کی، جس میں جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی شامل تھے۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ ضمانت کیس میں مرکزی میرٹس پر رائے کیسے دے سکتی ہے؟
وکلا اس قانونی نقطے پر عدالت کی معاونت کریں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کوئی ایسی فائنڈنگ نہیں دے گی جس سے کسی کا کیس متاثر ہو، کیا ضمانت کیس میں حتمی آبزرویشنز دی جا سکتی ہیں؟
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آج صرف پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کیا جا رہا ہے، وکلا آئندہ سماعت تک لیگل ایشوز پر تیاری کر لیں۔
فریقین کے وکلا قانونی سوالات پر عدالت کی معاونت کریں تاکہ کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو سکے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے کیس کی مزید سماعت 19 اگست 2025 تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ عمران خان نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے مختلف مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔