اسپیکر ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ایرانی صدر سے ملاقات

اسپیکر ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ایرانی صدر سے ملاقات فائل فوٹو اسپیکر ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ایرانی صدر سے ملاقات

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے جس میں پاک، ایران پارلیمانی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں پاکستانی رہنماؤں نے ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران بھائی چارے، تاریخ، ثقافت اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور ایران کی خودمختاری و سالمیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے ایرانی صدر کے دورے کو دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں سنگ میل قرار دیتے ہوئے آپریشن "بنیان مرصوص" پر ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ایاز صادق نے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی رابطے علاقائی استحکام کے لیے خوش آئند ہیں اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن خطے کی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے ایران پر اسرائیلی حملے کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین حل کیے بغیر عالمی امن ممکن نہیں۔

انہوں نے غزہ اور کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کی شدید مذمت کی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی پاک، ایران تعلقات کی مضبوطی پر زور دیا اور پارلیمانی و اقتصادی روابط بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان میں ملنے والی محبت اور خلوص ہمیشہ یاد رہے گا۔

انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اخوت کی بہترین مثال قائم کی اور اس کے واضح موقف نے ایرانی قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

انہوں نے اسرائیلی جارحیت کے دوران پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اسے کبھی فراموش نہیں کرے گا۔

دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

install suchtv android app on google app store