قومی احتساب بیورو (نیب) نے کوہستان کرپشن سکینڈل کی تحقیقات کو باضابطہ طور پر انکوائری سے تحقیقات میں تبدیل کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے اور اس دوران 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور منجمد کیے گئے ہیں۔
نیب نے کنٹریکٹر محمد ایوب کو گرفتار کیا جن کے دوران تفتیش بااثر افراد سے مشکوک ڈیلز کے انکشافات ہوئے ہیں جبکہ کارروائی کے نتیجے میں ایک ارب روپے سے زائد کی نقد رقم، غیر ملکی کرنسی، اور 3 کلوگرام سونا ضبط کیا گیا۔
اس کے علاوہ 73 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے جن سے 5 ارب روپے کی رقم برآمد ہوئی،نیب نے 77 لگژری گاڑیاں بھی تحویل میں لیں جن کی مجموعی مالیت 94 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ضبط کی گئی جائیدادوں میں 30 رہائشی گھر، 25 فلیٹس، 12 کمرشل پلازے، 12 دکانیں، 4 فارم ہاؤسز، پینٹ ہاؤسز، اور 175 کنال زرعی اراضی شامل ہیں۔
یہ املاک اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، ایبٹ آباد، اور مانسہرہ سے ضبط کی گئیں جن کی مجموعی مالیت 17 ارب روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔