عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت سپریم کورٹ میں چیلنج

عمران خان، شاہ محمود فائل فوٹو عمران خان، شاہ محمود

حکومت کی جانب سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔ حکومت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف عدالت عظمیٰ میں اپیلیں وزارت داخلہ کے ذریعے دائر کی گئی ہیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ کو سائفر کیس میں اپیل سننے کا اختیار ہی نہیں، یہ اصول طے شدہ ہے کہ جب پارلیمنٹ قانون میں کوئی بات نہ لکھے تو عدالتی فیصلے کے ذریعے اس میں اضافی نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست کے مطابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی کا سائفر ٹرائل کے دوران عدم تعاون کا رویہ رہا، ریکارڈ سے ثابت ہے کہ دونوں ملزمان نے ٹرائل کے دوران 65 متفرق درخواستیں دائر کیں، متعدد بار ملزمان کی استدعا پر سماعتیں ملتوی ہوتی رہیں، سائفر کیس میں گواہان پیش ہوئے لیکن ملزمان کے وکلا نے ان پر جرح نہیں کی، ملزمان کے وکلا کو سرکاری خرچ پر وکیل مہیا کیا گیا۔

درخواست کے مطابق یہ اصول طے شدہ ہے کہ کسی ٹرائل میں قانونی تقاضے پورے نا ہوں تو معاملہ دوبارہ ٹرائل کے لیے بھیجا جاتا ہے، سائفر کیس میں استغاثہ نے ٹھوس شواہد پیش کیے، استغاثہ نے سائفر کیس میں دستاویزی اور فارنزک ثبوت پیش کیے، جنہیں ٹرائل کے دوران جھٹلایا نہیں گیا، اسلام ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں پیش کیے گئے ٹھوس شواہد کو مدنظر نہیں رکھا۔

اس میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 3 جون کے سائفر کیس میں بریت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی جائیں۔

واضح رہے کہ 3 جون کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بری کردیا تھا۔

جسٹس عامر فاروق نے سائفر کیس میں سزا کی خلاف اپیلوں پر مختصر فیصلہ سنایا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے سائفر کیس میں عمران خان، شاہ محمود قریشی کی اپیلیں منظور کرلیں۔

 

install suchtv android app on google app store