محمود خان اچکزئی نے فضل الرحمان سے صدارتی انتخاب کیلئے ووٹ مانگ لیا

محمود خان اچکزئی، فضل الرحمان فائل فوٹو محمود خان اچکزئی، فضل الرحمان

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار محمود اچکزئی نے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان سے صدارتی الیکشن کیلیے ووٹ مانگ لیا۔

محمود اچکزئی نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور صدر مملکت کیلیے ووٹ کی درخواست کی۔ امیدوار نے کہا کہ ہمارا پرانا تعلق ہے ایک ساتھ تحریک میں وقت گزارا ہے، امید ہے آپ ہمیں سپورٹ کریں گے۔

اس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کسی بھی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، پارٹی قیادت سے مشورہ کر کے آپ کو آگاہ کر دیں گے۔

سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی جبکہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کو صدر کیلیے نامزد کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا

شیڈول کے مطابق صدارتی انتخاب کیلیے پولنگ 9 مارچ کو صبح 10 سے شام 4 بجے تک ہوگی جبکہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 مارچ کو 10 بجے کی جائے گی۔ 5 مارچ کو دن 12 بجے تک کاغذات واپس لیے جا سکیں گے جبکہ 5 مارچ کو دن ایک بجے امیدواروں کی فہرست آویزاں کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store