عام انتخابات: تحریک انصاف کا پلان بی منظر عام پر آ گیا

عام انتخابات: تحریک انصاف کا پلان بی منظر عام پر آ گیا فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ہنگامی پلان بی کے تحت ’تحریک انصاف نظریاتی‘ کا ٹکٹ منظر عام پر آ گیا ہے، یہ ٹکٹ چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختر اقبال ڈار کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ذمہ داران نے تمام امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’تحریک انصاف نظریاتی‘ کے ٹکٹ آر اوز کو جمع کرائیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ ٹکٹ ریٹرننگ افسران کو جمع کرانے کے بعد آر او دفتر اس کی وصولی کی رسید ضرور لیں۔

امیدواروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ٹکٹ جمع کرانے میں رکاوٹ پر ڈسٹرکٹ، صوبائی اور سینٹرل الیکشن کمیشن کو شکایات ای میل کی جائیں، کوئی ٹکٹ جمع نہیں کرتا یا جمع کروانے میں پولیس، آر او رکاوٹ ڈالتے ہیں تو فوری شکایت درج کرائیں۔

یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ ضلعی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو ایک تحریری شکایت جمع کروائیں، پولیس میں درخواست دیں، ہائیکورٹ میں پٹیشن کریں، اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کریں۔ پی ٹی آئی ذمہ داران نے کہا ہے کہ تمام ثبوت اور درخواستیں پارٹی کو بھی بھیجی جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے دعوے کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنے امیدواروں کو ایک ایک ٹکٹ اضافی بھی دے رکھا تھا کہ اگر بیک اپ لائن استعمال کرنا پڑے تو تحریک انصاف نظریاتی کا ٹکٹ استعمال کیا جائے، اگر بلا نہ ہو میدان میں تو ’بلے باز‘ کا انتخابی نشان استعمال کیا جا سکے گا۔

install suchtv android app on google app store