عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم

الیکشن کمیشن آف پاکستسان فائل فوٹو الیکشن کمیشن آف پاکستسان

ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی جاری ہے، عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز تھا۔ آئندہ برس 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانےکا وقت ختم ہوگیا ہے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آج ساڑھے چار بجے تک کی مہلت تھی جو ختم ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانےکے وقت میں اضافہ نہیں کیا گیا، آراو اور ڈی آراو کے دفاتر کے احاطے میں موجود امیدواروں سے کاغذات وصول کیے جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے آج لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ خرم دستگیر خان نے این اے 78 گوجرانوالہ کی نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈاکٹریاسمین راشد نے بھی این اے 130 سے اپنے کاغذات جمع کرائے جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے اقبال احمد خان، جماعت اسلامی کی جانب سے صوفی خلیق اور احمد بٹ اور جے یو آئی کی طرف سے مولانا سلیم اللہ قادری نے کا غذات نامزدگی جمع کرائے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 لاڑکانہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے این اے 150 ملتان سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

این اے 150سے زین قریشی اور مہربانو قریشی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ این اے 180 کوٹ ادو سے سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بھی کراچی سے این اے 249 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، سربراہ ایم کیوایم نے این اے 248 اور این اے 250 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر اعتراضات سے متعلق سماعت انتخابات کے بعد کی جائے گی، اس وقت درخواستوں پر سماعت کی تو الیکشن پروگرام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

خیال رہے کہ ہائیکورٹس نے حلقہ بندیوں کے 15 مقدمات الیکشن کمیشن واپس بھجوائے ہیں، سپریم کورٹ کی ہدایت ہے الیکشن کمیشن 30 نومبر کی حلقہ بندیوں پر الیکشن کرائے۔

install suchtv android app on google app store