پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ الیکشن کے نتائج میں تاخیر کا مطلب ہمیں اچھی طرح پتہ ہے، لاہور میں نتیجہ اچانک تبدیل ہوا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیری رحمٰن نے کہا کہ ایپ بند کردی گئی تو ہم الیکشن کمیشن پہنچے، ہم گالی گلوچ اور دھونس دھمکی کی سیاست نہیں کرتے۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ بہت سے رزلٹ ہیں جنہیں ہم احترام سے قبول کرتے ہیں، 87 نتائج کے بعد صبح 6 بجے ہمارےچیف پولنگ ایجنٹ کو کمرے سے نکال دیا، ہم پٹیشن لے کر لاہور ہائی کورٹ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں دروازہ کھولنا اور کھلوانا بھی آتا ہے، انٹرنیٹ بند کیا گیا، مجھے تو کوئی سیکیورٹی صورتِ حال نظر نہیں آئی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا ہے کہ بلاول کی کلیئر لیڈ تھی، ہر چینل پر آ چکی تھی۔
شیری رحمٰن نے کہا کہ لاہور کسی کی جاگیر نہیں، پورا پاکستان ہمارے ووٹروں کے لیے کھلا ہونا چاہیے، ہم بات کریں گے سوال اٹھائیں گے، اس طرح نہیں ہوتا آپ لوگوں کے ووٹ کا حق چھینیں۔