متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
کراچی میں نیب کورٹ کے باہر رؤف صدیقی کی شاہد خاقان عباسی سے ملاقات ہوئی تو اس موقع پر انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی۔ رؤف صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہوں، لوئر مڈل کلاس ہی ملکی ترقی کا واحد حل ہے۔
اس موقع پر رؤف صدیقی نے شاہد خاقان عباسی کو جون ایلیا کے شعر بھی سنا دیے۔ شاہد خاقان عباسی نے ایم کیو ایم رہنما کو جواب دیا کہ لاہور میں ایم کیو ایم کا نائب صدر میرے گاؤں کا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے رؤف صدیقی سے دوبارہ شعر سنانے کی فرمائش بھی کی۔ واضح رہے کہ محکمہ اسمال انڈسٹریز میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں ایم کیو ایم کے سابق صوبائی وزیر رؤف صدیقی اور دیگر ملزمان احتساب عدالت پہنچے تھے۔
سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی احتساب عدالت پہنچے تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کو بھی ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔