تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں شرکت کا مکمل حق ہونا چاہیے: اعتزاز احسن

اعتزاز احسن فائل فوٹو اعتزاز احسن

سینئر وکیل اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ صورتحال بہت خراب ہے، عدالتی فیصلے نہیں مانے جا رہے، 90 دن میں الیکشن کروانا ضروری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں شرکت کا مکمل حق ہونا چاہیے۔

سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ کے ہمراہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعزاز احسن کا کہنا تھا کہ 15 اپریل کو ایک راؤنڈ ٹیبل کانفرنس ہوئی تھی، وکلا رہنماؤں سے مشاورت کر کے مستقبل کی حکمت عملی طے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعتزاز احسن نے مطالبہ کیا کہ آئین کو مکمل بحال کیا جائے، جو بل دستخط نہیں ہوئے وہ ایکٹ آف پارلیمنٹ نہیں۔ سول شہریوں کے ٹرائل کے لیے فوجی عدالتیں مجاز نہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ میں دس بارہ دن رہ گٸے ہیں، چیف جسٹس اہم ترین مقدمات کے فیصلے کر کے جائیں، کیسز ادھورے چھوڑ کر نہیں جانا چاہیے۔ چیف جسٹس حق میں فیصلہ کریں یا خلاف، مگر فیصلہ کریں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ اس صورت حال سے نکلنے کےلیے چیف جسٹس پاکستان کا کلیدی کردار ہے۔ امید ہے چیف جسٹس اس بے یقینی کو پیچھے چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔

سینئر وکیل کا کہنا تھا کہ جھوٹے الزام لگانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے، عطا تارڑ اور مریم اورنگزیب نے پستول چیئرمین پی ٹی آئی پر تان رکھی ہے۔

اس موقع پر لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ وکلا میں کوئی تفریق نہیں، وکلا تحریک شروع کر دی ہے۔ 90 روز میں الیکشن کے لیے اور مہنگائی کے خلاف تحریک ہوگی۔ پشاور سے تحریک کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات آمریت سے بدتر ہیں، یہ غیر اعلانیہ مارشل لا ہے، آئین کی عملداری کردیں، آئی ایم ایف سے جان چھوٹ جائے گی۔

 

install suchtv android app on google app store