سویڈن واقعہ، تحمل و برداشت کا یہ مقصد نہیں کہ ہمیں جواب دینا نہیں آتا: وزیراعظم

  • اپ ڈیٹ:
شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحمل و برداشت کا یہ مقصد نہیں کہ ہمیں جواب دینا نہیں آتا، ایسی ناقابل برداشت حرکت دوبارہ ہوئی تو پھر کوئی ہم سے گلہ نہ کرے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سوئیڈن واقعے کے خلاف مؤثر انداز سے قرارداد منظور کی جائے، ایوان ایک کمیٹی بنائے جو آئندہ ایسی مذموم حرکتوں کے خاتمے کیلئے سفارشات دے۔ کمیٹی دنیا بھر کے فورمز میں سفارشات پہنچائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے خبیث شخص کو عبرت کا نشانہ بنانا چاہیے، یہ قرآن پاک کی بے حرمتی سے تقسیم پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خبیث شخص کو سزا دلوانے کیلئے سفارتی اور قانونی چارہ جوئی کرنا ہوگی، جس کے لیے پہلے ہمیں اور پھر عالم اسلام کو متحد ہوکر آواز بلند کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ سویڈن نے اس خبیث کو کیسے اجازت دی کہ وہ یہ مذموم حرکت کرے، ایوان سویڈن کی پولیس کی اس عمل کی مذمت کرتا ہے، ہماری تمام جانیں رسول اور قرآن حکیم کی حرمت پر قربان ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ قرآن مقدس کا نزول رسول اللہ ﷺ پر ہوا جو آخری کتاب ہے اور اس میں دنیا کو صبر و ایثار کی تلقین کی گئی ہے مگر ایک خاص مقصد کے تحت اسلام اور اسلافوبیا کے خلاف آگ بڑھکائی جارہی ہے تاہم مسلمان اور عیسائی آپس میں لڑیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سویڈن واقعے کے خلاف جمعہ 7 جولائی کو ملک بھر میں یوم تقدس قرآن منا کر دنیا کو پیغام دیں گے اور مطالبہ کریں گے کہ گھناؤنے کام میں ملوث شخص کو سزا دی جائے، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتیں ملکر احتجاج کریں۔ سویڈن واقعے پر ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہ سمجھا جائے ہمیں جواب دینا نہیں آتا، سویڈش حکومت کو ہر صورت اپنی پوزیشن کلیئر کرنا ہوگی، سویڈش حکومت کی مزمت نہیں چاہیے بتائیں واقعہ کیوں پیش آیا، جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، یو این سیکریٹری جنرل اس معاملے پر اقوام متحدہ کا فوری اجلاس بلائیں، صبر و تحمل کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں اس کا جواب دینا نہیں آتا۔

install suchtv android app on google app store