وزیر خارجہ بلاول بھٹو جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے

  • اپ ڈیٹ:
وزیر خارجہ بلاول بھٹو جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے فوٹو: ٹوئٹر وزیر خارجہ بلاول بھٹو جاپان کے سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 روزہ سرکاری دورے پر جاپان کے دار الحکومت ٹوکیو پہنچ گئے، ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیر خارجہ کا جاپان میں پاکستانی سفیر رضا بشی رتارڑ اور جاپانی وزارت خارجہ کے حکام نے استقبال کیا۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جاپان کی حکومت کی دعوت پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سرکاری دورے پر ٹوکیو پہنچ گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جاپان میں پاکستان کے سفیر، جاپان کی وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور پاکستانی برادری کے ارکان نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔

وزیرخارجہ کی روانگی کے بعد دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیرخارجہ کا دورہ طویل عرصے بعد جاپان کے ساتھ اعلیٰ قیادت کے درمیان رابطوں کی بحالی کا عندیہ ہے۔

جاپان کے دورے کے موقع پر بلاول بھٹو زرداری اپنے جاپانی ہم منصب یوشیماسا ہایاشی کے ساتھ وفد کی سطح پر مذاکرات کریں گے، اس کے علاوہ جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا سے بھی ملاقات ہوگی اور جاپان کی قومی سلامتی کے مشیر ٹاکیو اکیبا سے بھی ملاقات طے ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیرخارجہ سینئر عہدیداروں اور مشہور کاروباری اداروں کے نمائندوں اور جاپان کے لیے افرادی قوت فراہم کرنے والے اداروں کے عہدیداروں سے ملاقات کا امکان ہے۔

دفترخارجہ نے بتایا کہ بلاول بھٹوزرداری جاپان کے ایک تھنک ٹینک ایشیائی ترقیاتی بینک انسٹیٹیوٹ (اے ڈی بی آئی) میں بھی خطاب کریں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرپا اور آزمودہ تعلقات قائم ہیں جو خلوص اور تنازعات پر مشترکہ نکتہ نظر سے مزید گہرے ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store