کشمیر کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے: وزیر خارجہ

بلاول بھٹو زرداری فائل فوٹو بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی وجہ سے پوری دنیا تسلیم کر چکی ہے کہ کشمیر ایک عالمی مسئلہ ہے۔ یہ عالمی تنازع ہے اور کشمیر کے عوام اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے، تب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔

باغ آزاد کشمیر میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جب میں پاکستان میں ہوتا ہوں تو سیاسی جماعتوں سے اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن جب میں ملک سے باہر جاتا ہوں تو سب کی یکساں نمائندگی کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ باغ کے عوام نے مودی کی جی ٹوئنٹی کانفرنس کا آج کے اجتماع میں منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ میں جب اقوام متحدہ میں جاتا ہوں تو پوری دنیا کو باور کرواتا ہوں کہ کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ سب سے پہلے کشمیر کے عوام کا مسئلہ ہے اور پھر دنیا کے لیے ایک مسئلہ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جب میں اقوام متحدہ کے دیے ہوئے حق کے مطابق آپ کے حقوق کی بات کرتا ہوں تو جواب میں بھارت کے نمائندے ہمیں دہشت گرد قرار دیتے ہیں۔ جب ہم کشمیر کے عوام کی رائے شماری کی بات کرتا ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ آپ دہشت گردوں کی نمائندگی کررہے ہو۔ جب ہم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ آپ تو اسامہ بن لادن کے میزبان ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دہشت گردی کی بات کیسے کر سکتے ہیں جب کہ ہم تو خود دہشت گردی سے متاثر ہوئے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کیا کریں اگر بھارت کی حکمراں جماعت سب مسلمانوں کو دہشت گرد سمجھتی ہے۔ہم اپنا مؤقف دنیا کے سامنے رکھتے رہیں گے۔ جب ہم انہیں جواب دیتے ہیں تو وہ بہت جذبات میں آ جاتے ہیں اور پھر رونا دھونا شروع کردیتے ہیں جب میں قاتل کو قاتل کہتا ہوں، جب میں قسائی کو قسائی قرار دیتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آہستہ آہستہ کشمیریوں کی جدوجہد کی وجہ سے بھارت کی اصل شکل دنیا کے سامنے آشکار ہوتی جا رہی ہے۔ جب بھی موقع ملا ہم نے اس معاملے کو دنیا کے سامنے اٹھایا۔ 2019 کے بعد ہمارا مؤقف ہے کہ ہم بھارت نہیں جاتے، ہم مذاکرات نہیں کر سکتے جب تک اگست 2019 کا ظلم واپس نہیں لیتے۔ ہم نے بھارت میں میڈیا کے سامنے یہ بات کی کہ جو آپ کو کشمیریوں اور پاکستانیوں سے متعلق بتایا جاتا ہے، جو آپ کو مسلمانوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے، وہ سب جھوٹ ہے، ہم سب دہشت گرد نہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں۔

install suchtv android app on google app store