9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے: عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم گواہ ہے کہ ستائیس سالہ سیاسی جدوجہد میں کبھی پُرتشدد کارروائیوں کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن سے رہنے کا درس دیا، 9 مئی کے واقعات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔

عمران خان نے کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب میں ایک بار پھر کہا کہ نو مئی کے واقعات اور بالخصوص عسکری تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان براہ راست ملوث نہیں ہیں، انہیں سادہ کپڑوں میں آکر لوگوں نے ورغلایا اور پھر چلے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود بھی میں پیش کش کرتا ہوں کہ اگر کسی کارکن کی تصویر، ویڈیو موجود ہے تو وہ ہمیں دیں ہمارا کارکن خود قانون کے آگے سرنڈر کرے گا اور تفتیش میں تعاون کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس کو بھی بتایا اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری اداروں اور قوم کو لڑوانے کی سازش تھی کیونکہ مجھے پولیس بھی گرفتار کرسکتی تھی مگر رینجرز کا انتخاب کیا گیا اور وکلا سمیت عدالتی احاطے میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے بھی کارکنان کو مشتعل نہ ہونے کی ہدایت کی اور اُن سے بار بار جلاؤ گھیراؤ نہ کرنے کی درخواست کرتے رہے کیونکہ ہمارے منشور میں پُرامن جدوجہد شامل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ڈی ایم یا مقتدر لوگ پی ٹی آئی کو راستے سے ہٹانے اور مجھے مائنس کرنے کا کوئی ایک فائدہ بتا دیں تو میں ملکی مفاد کی خاطر خود اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار ہوجاؤں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے کہا جاتا ہے باہر چلے جاؤ، میں باہر کیوں جاؤں گا، میری کون سی باہر کوئی پراپرٹی ہے، میں تو اپنا سب کچھ باہر سے بیچ کر پاکستان لایا ہوں، یہ ملک میرا گھر ہے، میں کبھی بھی نواز شریف اور زرداری کی طرح دم دبا کر باہر نہیں بھاگوں گا۔

install suchtv android app on google app store