پی ٹی آئی اس دن چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے: علی زیدی

علی زیدی فائل فوٹو علی زیدی

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے مرکزی رہنما علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا ہے کہ ٹی وی پر جو مناظر دیکھے وہ تکلیف دہ تھے، پی ٹی آئی کو بنے ہوئے 23سال ہوگئے ہیں، پارٹی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں پی ٹی آئی اس وقت چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے۔

یہ بات انہوں نے کراچی کے نجی اسپتال میں طبی معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ میری کمر میں 4دن سے شدید تکلیف ہے، اس لیے میں نے اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کرانے کی درخواست دی تھی۔

نو مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہونے والی ہنگامہ آارئی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، پاکستان ایئرفورس کے ایم ایم عالم کے جہازکو جلایا گیا، شہداء کی یادگار کو جلانے پر مجھے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، نو مئی کو جس جس نے دہشت گردی کی فوجی املاک پر حملہ کیا ان سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

میں عمران خان کو سیاستدان مانتا ہوں لیڈر تو وہی ہے، انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی سے دور رہنے کی تلقین کی ہے، پولیس کی گاڑی پاکستان کی ہے ، سپریم کورٹ بھی پاکستان کی ہے، پاک نیوی، پاک ایئرفورس ،پاک آرمی ،ریلوے سب پاکستان کے ہیں، کور کمانڈر ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی گئی جس پر بہت افسوس ہوا۔

تحریک انصاف سے اپنے تعلق کا ذکر کرتے ہوئے علی زیدی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آبدیدہ ہوگئے، ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو بنے ہوئے 23سال ہوگئے ہیں، پارٹی چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کرسکتا، میں پی ٹی آئی اس وقت چھوڑوں گا جب عمران خان چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس والے تو مجھے جیکب آباد لے کر جارہے تھے لیکن شکر گزار ہوں گھر میں نظربند کیا گیا، جو تماشا 9 مئی کو ٹی وی چینلز پر نظر آیا اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

install suchtv android app on google app store