پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس فائل فوٹو وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو مقدم رکھا جائے گا، ملک میں الیکشن سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔ اجلاس میں بھرپور مزاحمت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عزم کیا گیا کہ پارلیمنٹ بالادست ہے اور تمام اتحادی جماعتیں پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑی ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان ، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، قمر زمان کائرہ، خالد مگسی ، سردار ایاز صادق، خالد مقبول صدیقی، طارق بشیر چیمہ، آغا حسن بلوچ، سالک چوہدری، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، دیگر اتحادی رہنما، وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل آف پاکستان شریک ہوئے۔

اجلاس میں پی ٹی آئی سے مذاکرات اور ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ ایم کیو ایم کے مردم شماری پر تحفظات دور کرنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ذرارئع کے مطابق اجلاس میں قانونی ٹیم نے سپریم کورٹ کی الیکشن فنڈز کے لئے ڈیڈلائن سے متعلق کیس پر بریفنگ بھی دی۔

ذرائع کے مطابق اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکشن ایک ساتھ ہونے ہیں یا علیحدہ علیحدہ اورکب ہونے ہیں، فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی۔

اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کوشش کریں گے لیکن کسی کی ضد، انا اورخواہشات کے مطابق فیصلے نہیں ہوسکتے جب کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے پارلیمنٹری کمیٹی کا فورم استعمال کیا جائے گا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں الیکشن کے لیے فنڈز کے اجرا کے حوالے سے پارلیمنٹ اپنا فیصلہ دے چکی ہے اور پارلیمنٹ کا فیصلہ مقدم ہے، سب کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

install suchtv android app on google app store