معاشی بحران کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کیلئے129ارب جاری

وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 129 ارب روپے جاری کر دیئے فائل فوٹو وزارت منصوبہ بندی نے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 129 ارب روپے جاری کر دیئے

وزارت منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات نے چوتھی سہ ماہی کے دوران جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 129 ارب روپے جاری کر دیے۔

وزارت منصوبہ بندی نے رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 ارب روپے زائد جاری کیے ہیں۔

آخری سہ ماہی کے لیے جاری کردہ 129 ارب روپے کے بعد مجموعی ترقیاتی بجٹ 600 ارب روپے کا ہوگیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق جاری کردہ فنڈز میں فاٹا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کےلیے 27 ارب روپے بھی شامل ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیے کے مطابق معاشی بحران کے باوجود چوتھی سہ ماہی کی ریلیز کو یقینی بنایا گیا، رواں سال کے ترقیاتی بجٹ میں گزشتہ سال کے 550 ارب روپے کے مقابلے میں 50 ارب روپے زائد جاری کیے گئے۔

اعلامیے کے مطابق وزارت آبی وسائل کو 30 ارب، وزارت مواصلات کو 22 ارب، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کو 7 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کو 4 ارب، وزارت ریلوے کو 8 ارب اور وزارت توانائی کو 5 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق وزارت آبی وسائل کو جاری کردہ 30 ارب روپے کے منصوبوں میں کچھی کنال، نئی گج ڈیم، کراچی بلک واٹر سپلائی، دیا میر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم منصوبے شامل ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق مواصلات کو جاری 22 ارب روپے میں خضدار کچلاک روڈ اور پرانی بنوں روڈ کو دو رویہ کرنے کا منصوبہ شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق ریلوے کو جاری 8 ارب روپے کے تحت 320 مسافر بوگیوں اور مال بردار گاڑیوں کی خریداری کے منصوبے شامل ہیں۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق وزارت توانائی کو جاری 5 ارب روپے کے تحت کراچی کوسٹل پاور پروجیکٹ، مکران ٹی ایل اور جیوانی ٹی ایل منصوبے شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store