ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پلوامہ حملے سے متعلق مقبوضہ جموں و کشمیر کے نام نہاد سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشاف پاکستانی مؤقف کی حمایت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نام نہاد سابق گورنر ستیہ پال ملک کے تازہ ترین انکشافات نے ایک بار پھر پلوامہ حملے پر پاکستان کے موقف کی تصدیق کر دی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری تازہ ترین انکشافات کا نوٹس لے گی، امید ہے عالمی برادری خود غرض سیاسی مفادات اور جھوٹ اور فریب پر مبنی پاکستان کے خلاف بھارت کی پروپیگنڈہ مہم کا جائزہ لے گی۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو تازہ ترین انکشافات میں اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینا چاہیے، اب وقت آگیا ہے کہ پلوامہ حملے کے بعد علاقائی امن کو متاثر کرنے والے اقدامات کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے، بھارت کے جھوٹے بیانیے اور مختلف اشتعال انگیزیوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مضبوطی اور ذمہ داری سے کام کرے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پلوامہ حملے کا پہلے سے علم تھا، انہوں نے جان بوجھ کر بھارتی فوجیوں کو مرنے دیا۔