صدر مملکت اور وزیراعظم کا یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت اور وزیراعظم فائل فوٹو صدر مملکت اور وزیراعظم

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام جاری کردیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرنے کے لیے کام کرنا ہے، دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور سیاسی و معاشی استحکام کے لیے مزید کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، اتحاد، ایمان، نظم و ضبط کے ساتھ ملک کو مضبوط اور خوش حال بنا سکتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ بانیانِ پاکستان کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، آج کا دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی یاد دہانی کراتا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود ہم نے مسلسل محنت اور قابلیت سے شاندار کامیابیاں حاصل کیں، ہم نے ریاستی ادارے قائم کیے اور اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ پاکستان پر قوم کے نام پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کا قیام 20 ویں صدی کا ایک معجزہ ہے، 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا عہد ساز دن ہے جو ہمیں ماضی کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن موجودہ حالات پر غور و فکر کی دعوت اور خوش حال مستقبل کی تعمیر کی تحریک دیتا ہے، 23 مارچ 1940ء کو برِصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے قیام کی قرارداد منظور کی تھی۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے پچھلے 75 سال کے سفر نے ہمیں جنگوں سے نبرد آزما ہوتے دیکھا، قدرتی آفات سمیت بہت سے بحرانوں سے لڑتے دیکھا ہے، کئی مواقع ایسے آئے جب ہم نے مشکلات پر قابو پالیا اور کئی سنگِ میل حاصل کیے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے انسانیت کو درپیش مسائل کے حل اور عالمی امن کے لیے ذمے دار قوم کا کردار ادا کیا، ہم یومِ پاکستان پر اپنے بانیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں ان چیلنجز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے جو ہمارے سامنے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر کا مزید کہنا ہے کہ آج ہمیں سیاسی و معاشی عدم استحکام کا سامنا ہے، پاکستان سیاسی و آئینی جدوجہد کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا تھا، ملک کا مستقبل آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے میں مضمر ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کا مقدر عظیم کامیابیاں اور بلندیاں حاصل کرنا ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اپنے آپ کو قومی مقصد سے آراستہ کرنا ہو گا۔

install suchtv android app on google app store