وفاقی وزیر خزانہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) اسحٰق ڈار نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا مقصد پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال اور سیاسی ماحول خراب کرنا ہے۔
عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے موجودہ دور میں گرفتار اور قتل ہونے والے افراد کی تصویر اور نام درج کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’میں سازش اور ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے قائم کردہ اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتا‘۔
عمران خان کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ’عمران خان کی غیر ذمہ دارانہ ٹوئٹ صرف قومی سلامتی کی صورتحال اور سیاسی ماحول کو خراب کرنے کے مقصد سے لکھی گئی ہے’۔
اسحاق ڈار نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’عمران خان کی جانب سے دنیا کی 27ویں بڑی معیشت کو 2022 میں 47 ویں نمبر پر پہنچانا ان کی بدانتظامی، نااہلی، نالائقی اور کرپشن سے بھرمار دور کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا خمیازہ آج پاکستان کے عوام ناقابل برداشت مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے جب سے خود غرض اور تکبر میں مبتلا عمران خان کو آئینی طریقے سے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے اس وقت سے وہ ہوش کھو چکے ہیں۔
Irresponsible tweet of @imrankhanPTI is designed only to damage the country’s security situation and vitiare the political atmosphere. His destruction of Pak Economy from World’s 24th largest to 47th in 2022 speaks volumes of bad governance, incompetence, unprecedented debt…1/4 https://t.co/uLluQ3b2tN
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) February 4, 2023