بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اہم تنصیبات کے سامنے احتجاج کی کال دینے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نے جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی لیکن اس کو انہوں نے بغاوت بنا دیا۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھ پر کیسسز ختم ہونا شروع ہوئے تو ان کا پلان ہے کہ مجھے ملٹری جیل بھیجا جائے اور رانا ثنااللہ اور احسن اقبال نے بیان دیا کہ مجھے جیل میں رکھا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے کارکنان ملٹری جیل میں پڑے ہوئے ہیں، ان کا پلان ہے کہ مجھے بھی نو مئی کے مقدمات میں ملٹری جیل میں ڈالیں اورملٹری کورٹ لے کر جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اطلاعات عطا تارڑنے کہا ہے کہ میں جیل کے وی آئی پی کمرے میں ہوں، اگر عطا تارڑ سچ بول رہا ہے تو آ کر مجھ سے ملے، میڈیا دو منٹ کے لیے آ کر میرے کمرے کا دورہ کرے، ڈیتھ سیل اور دہشت گردی کے مقدمات میں گرفتار ملزمان کے سیل کی دیواریں میرے کمرے کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو کور کرنے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کی مخصوص نشستوں کی ریویو پٹیشن پر چیف جسٹس پاکستان کو بہت جلدی ہے، چیف جسٹس سے کہتا ہوں ہماری 25 مئی کے حوالے سے پٹیشن پر سماعت کیوں نہیں ہو رہی، سب کو پتا ہے کہ سپریم کورٹ میں اب یکطرفہ معاملہ چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرینہ عیسیٰ کے میرے خلاف بیانات سوشل میڈیا پر پڑے ہیں اور اخلاقی طور پر چیف جسٹس کو ہمارے خلاف مقدمات نہیں سننے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ریفرنس میں پرانے ملازم انعام شاہ اور کسٹم اپریزر کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا ہے، نیب نے ایک کروڑ 80 لاکھ کے ہار کی قیمت تین ارب 18 کروڑ روپے لگائی تھی، ہم نے 50 فیصد رقم ادا کر کے 90 لاکھ روپے میں ہار خریدا تھا جو ہمارے پاس موجود ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے توشہ خانہ ریفرنسز کی سماعت کیوں نہیں ہو رہی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا ہے کہ نیب نئے کیس کے بعد کوئی نیا تحفہ لے کر آئے گا اور نو مئی کے مقدمات میں بھی میرے خلاف وعدہ معاف گواہ تیار کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا لگ گیا تھا یہ مجھے گرفتار کریں گے اور اپنی گرفتاری سے قبل کارکنان کو جی ایچ کیو کے سامنے پرامن احتجاج کی کال دی تھی، جب پارٹی چیئرمین کو رینجرز اغوا کر کے لے جائے گی تو کارکنان جی ایچ کیو کے سامنے ہی مظاہرہ کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے ہمارے پرامن احتجاج کو بغاوت بنا دیا، اگر ہم پرامن نہ ہوتے تو یاسمین راشد جناح ہاؤس کے باہر لوگوں کو اندر جانے سے نہ روکتی۔
عمران خان نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ مجھے گرفتار کیا جائے تو پارٹی ٹوٹ جائے گی اور پرویز خٹک نے ہمارے لوگوں کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی جلد گرفتار ہو جائے گا۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف مگرمچھ کے آنسو بہا کر اپنی حکومت سے کہہ رہا ہے کہ مہنگائی کر دی ہے لیکن مسلم لیگ(ن) نے اپنے دور حکومت میں آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے کیے جس کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں، یہی لوگ آئی پی پیز کو لے کر ائے تھے اور اب یہی کپیسٹی چارجز ادا کر رہے ہیں۔
عمران خان نے پارٹی کے سینٹرل آفس پر پولیس چھاپے اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے کہ ہمارے پارٹی کے موجودہ چیئرمین اور ترجمان کو گرفتار کر لیا گیا، بیرسٹر گوہر ہمارے ایم این ایز کے دستخطوں کی تصدیق کرانے الیکشن کمیشن جا رہے تھے، انہوں نے جمہوریت کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔