احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس واپس بھیجنے کی استدعا پر فیصلہ محفوظ محفوظ کرلیا، احتساب عدالت اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں ان کے وکیل فاروق نائیک اور نیب پراسیکیوٹر پیش ہوئے۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ریفرنس واپس بھیجنے کی درخواستوں پر وکیل فاروق نائیک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری پر ریفرنس میں 30ملین کا الزم ہے۔ نیب اب تک یہ الزام بھی ثابت نہیں کر سکا۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بھی یہ کیس نیب کو نہیں بھیجا تھا۔
دلائل میں کہا گیا ہے کہ نئے نیب قانون کے تحت ریفرنس بھی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا ، لہٰذا احتساب عدالت قانون کے مطابق ریفرنس واپس بھیجے۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
احتساب عدالت نے آصف زرداری، فریال تالپور اور دیگر کی ایک روزہ حاضری سے استثنا کی درخواستیں بھی منظورکرلیں۔