پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کرنے کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی جبکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور پاکستان آنا چاہتا تھا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتےہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف میرا دوست تھا، ان کی شہادت حادثہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ارشد شریف کو گول لگ سکتی تو ہمیں بھی لگ سکتی ہے۔
فیصل واڈا نے کہا کہ ارشد شریف کا قتل ہوا ہے اور اس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، ارشد شریف کا کوئی ثبوت لیپ ٹاپ یا موبائل نہیں ملے گا، اس کی تحقیقات کہاں پہنچتی ہے، ہمارے نظام میں انصاف کا تو سب کو پتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاں واقعہ ہوا ہے کینیا کے حالات پاکستان یا پاکستان سے بدتر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 20 گولیاں چلیں اور ارشد شریف کو 20 گولیاں ماری گئیں ایسا نہیں ہے، میرے خیال میں گاڑی کے اندر یا بہت قریب سے مارا گیا ہے، ارشد شریف کو دو گولیاں لگیں، جو سینے اور سر پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اس لانگ مارچ میں خون ہی خون نظر آرہا ہے، میں آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ اپنے لوگوں کو اس سے بچاؤں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہوگیا تو تحفے میں ان کی لاشیں بھی ملیں گی، ارشد شریف کو دبئی سے کینیا کوئی عام آدمی نہیں بھیج سکتا، کینیا میں وہ کیا کرتا رہا اس میں سازشی لوگ ہیں جو ملک کو توڑنا چاہتے ہیں اور میری پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک قتل ہے اور اس کو ڈراما کی شکل نہ دیں، دعوے سے کہہ رہا ہوں، کوئی ثبوت نہیں ملے گا۔
فیصل واڈا نے کہا کہ مارچ میں لوگوں کا خون دیا جائے گا، ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور وہ پاکستان آنے کو تیار تھا لیکن سازش کے تحت اس کی ذہن سازی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ارشد شریف سے اس دن سے مسلسل رابطے میں تھا جب وہ ملک سے باہر چلے گئے، میرا موبائل حاضر ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جو طاقت ور شخصیات اس میں ملوث ہیں وہ مجھ سے دور نہیں ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں سارے نام سال یا مہینوں میں نہیں بلکہ دنوں میں بتاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر چند لوگ ہیں جو اس سازشی بیانیے کو مانتے ہیں لیکن وہ تحریک انصاف کا بیانیہ اور سازش نہیں ہے۔
فیصل واڈا نے کہا کہ اس وقت میں کسی کی جان بچا رہا ہوں لیکن میں ان سب کا نام لوں گا۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جن کی جان کو خطرہ ہے وہ تحریک انصاف سے باہر کے لوگ بھی ہیں۔