نیب کا مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ

مریم نواز فائل فوٹو مریم نواز

نیب نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تحریری جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کے لئے متفرق درخواست پر سماعت ہوئی۔

ہائیکورٹ فل بنچ کے روبرو نیب نے تحریری جواب داخل کرایا ، نیب نے تحریری جواب میں مریم نواز کو پاسپورٹ واپس کرنے کی مخالفت نہ کی ۔

نیب جواب میں کہا گیا کہ ملزمہ مریم نواز کے خلاف کرمنل کیس زیر سماعت ہے،نیب کو پاسپورٹ واپس کرنے پر کوئی اعتراض نہیں۔

دوران سماعت مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کےپیش نہ ہونےپرعدالت نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا فل بنچ بیٹھا ہے اور وکیل کو یہاں ہونا چاہئے تھا۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے تاخیر سے پیش ہونے پر عدالت نے قرار دیا کہ فل بنچ سماعت کر رہا ہے کیا امجد پرویز کو نہیں معلوم کہ پہلے کس عدالت میں پیش ہونا ہے، بعدازاں کیس کی سماعت 3 اکتوبرتک ملتوی کردی۔

خیال رہے مریم نواز نے پاسپورٹ واپسی کےلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔

مریم نواز نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس کا تین سال گزرنے کے باوجود ٹرائل شروع نہیں ہوسکا ۔ چار سال سے پاسپورٹ ہاٸی کورٹ میں جمع کروا رکھا ہے لہذا استدعا ہے عدالت پاسپورٹ واپسی کا حکم دے۔

install suchtv android app on google app store