پولیس نے 6سالہ ماہم زیادتی اورقتل کیس میں ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی، کیس کی ابتدائی رپورٹ میں کسی ملزم کو نامزد ظاہر نہیں کیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 6سالہ ماہم زیادتی اورقتل کیس کی سماعت ہوئی ، دوران سماعت پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت جمع کرا دی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ بچی کو 27 جولائی کو گلی سے اغوا کیا گیا، 28 جولائی کو زمان ٹاؤن کچراکنڈی سے بچی کی لاش ملی، پولیس نے کیس کی ابتدائی رپورٹ میں کسی ملزم کو نامزد ظاہر نہیں کیا۔
پولیس کی رپورٹ نامعلوم افراد کے خلاف جمع کرائی گئی اور کہا گیا کہ بچی کے ڈی این اے سمیت تمام نمونے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں ، تفتیش جاری ہے پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کر دیاجائے گا۔
خیال رہے کورنگی میں بچی ماہم سے زیادتی اور قتل کیس میں گرفتار ملزم کا آج ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائے گا جبکہ ملزم کے بیانات کی تصدیق کرائی جائے گی۔
یاد رہے تین روز قبل کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن سے لاپتہ چھ سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ، جس میں لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ثمیہ نے بچی ماہم سے زیادتی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچی سے پہلے زیادتی کی گئی اس کےبعد قتل کیا گیا۔
ایم ایل او نے ابتدائی رپورٹ اور ویڈیو بیان میں انکشاف کیا تھا کہ ماہم کو ناک اور منہ بند کرکے قتل کیا گیا اور قتل کےدوران ہی زور لگانے سےگردن کی ہڈی ٹوٹی۔