بلوچستان میں کورونا کی ویکسین لگوانے کا عمل سست روی کا شکار

کورونا ویکسینیشن فائل فوٹو کورونا ویکسینیشن

بلوچستان میں کورونا کی ویکسین لگوانے کا عمل سست روی کا شکار ہے اور 2 ماہ کے دوران صوبے میں صرف 33 ہزار 551 افراد کو ویکسین لگائی جاسکی ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کورونا ایس اوپیز کی طرح کورونا ویکسی نیشن کو بھی سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں، ابھی تک صوبے میں کورونا ویکسی نیشن کرانے کا رحجان بہت کم ہے۔

محکمہ صحت کے ریکارڈ کے مطابق بلوچستان میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل4 مارچ سے شروع ہوا اور ابتدائی طور پر یہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کو لگائی گئی، تاہم ایک ماہ سے کورونا ویکسین 50سال سے زائد عمر کے عام افراد کو لگائی جارہی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کی33 ہزار 551 ویکسین لگائی جاسکی ہیں جب کہ صوبے کی آبادی ایک کروڑ 23لاکھ ہے، بلوچستان میں اس وقت انسداد کورونا کی 39 ہزار 405 ویکسین موجود ہیں، کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں گزشتہ روز صرف 22 افراد کی ویکسین لگائی گئیں۔

ریکارڈ کے مطابق اب تک 16ہزار 373 ہیلتھ ورکرز کو انسداد کوروناویکسین کی پہلی خوراک جب کہ 11ہزار467 ہیلتھ ورکرز کو انسداد کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی، اسی طرح 60سال سے زائد عمر کے 3ہزار 675 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک جب کہ 1001افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام کاکہنا ہے کہ کوئٹہ کے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں اور ضلعی ہیڈکواٹرز اسپتال میں ماس ویکسی نیشن کے سینٹر بنائے گئے ہیں جب کہ کوئٹہ میں بزرگ افراد کو ویکسین لگانے کے لیے موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store