بلوچ کلچرل کا میلہ دبئی میں سجا

متحدہ عرب امارات میں مقیم بلوچ کمیونٹی نے گزشتہ روز پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں ”بلوچ کلچرل ڈے“ منایا ہے فائل فوٹو متحدہ عرب امارات میں مقیم بلوچ کمیونٹی نے گزشتہ روز پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں ”بلوچ کلچرل ڈے“ منایا ہے

متحدہ عرب امارات میں مقیم بلوچ کمیونٹی نے گزشتہ روز پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں ”بلوچ کلچرل ڈے“ منایا جس میں بلوچوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے دیگر لوگوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل احمد امجد علی تھے جبکہ ویزا قونصلر فیاض احمد راجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بلوچ کلچرل ڈے کا انعقاد امارات میں مقیم بلوچوں کے راہنما محمد عمر بلوچ اور ان کے ساتھیوں نے کیا تھا۔

پاکستان سوشل سنٹر شارجہ میں انعقاد پذیر ہونے والے اس پروگرام میں چودھری خالد حسین صدر PSC شارجہ، پاکستان بزنس مین حاجی جمیل اسحق، شاجہ سنٹر کے ڈائریکٹر محمد سعید اختر، محمد سفیر ستی، عمران اسلم، فراز احمد صدیقی کے علاوہ بلوچ کمیونٹی کے بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر بلوچ ثقافت کو مختلف پروگرامز کے ذریعے اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلوچ رہنما محمد عمر بلوچ نے کہا کہ امارات میں مقیم تمام بلوچ بھائی ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں اور آپس میں متحد ہیں۔

بلوچ کمیونٹی کا آپسی جذبہ اتحاد قابل تعریف ہے جس سے ہمارے مشترکہ دشمن کو منہ کی کھانی پڑے گی جبکہ دشمن ہماری ترقی میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

قونصل جنرل احمد امجد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ کمیونٹی ہمارے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔

اس وقت ملکی ترقی کے لئے پاکستان کی ہر کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحدہ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ملک ترقی کی منازل طے کرے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچوں نے ہمیشہ اپنے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔

اس موقع پر قونصل جنرل نے کہا کہ قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے دروازے ہر ایک پر کھلے ہیں ان سے کبھی بھی ملاقات کی جاسکتی ہے جبکہ قونصلیٹ کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین بھی دلایا گیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل کو بلوچ کمیونٹی کی طرف سے دستار پہنائی گئی جس پر قونصل جنرل نے بلوچ کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔

بلوچ کلچرل ڈے کے آخر پر میزبان محمد عمر بلوچ نے تمام شرکائے تقریب خصوصاً قونصلیٹ سٹاف کا شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

install suchtv android app on google app store