بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکا ڈیرہ بگٹی کے علاقے کَٹھان میں ہوا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکے سے دو موٹر سائیکل سوار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، جبکہ موٹر سائیکلوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا۔
نامعلوم شدت پسندوں نے جانی نقصان کے لیے روڈ کنارے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔
دھماکے کے بعد لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی دہشت گرد گروپ نے قبول نہیں کی۔
واضح رہے کہ ڈیرہ بگٹی میں شدت پسند سیکیورٹی فورسز اور اہم قومی تنصیبات کو ایک دہائی کے زائد عرصے سے نشانہ بنا رہے ہیں۔