سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع ہرنائی اور پنجگور میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر دو بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 41 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق یہ آپریشنز 29 جنوری 2026 کو دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کیے گئے۔
ضلع ہرنائی میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں 30 خوارج ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ٹھکانے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے دوسرا کامیاب آپریشن ضلع پنجگور میں کیا جہاں دہشت گردوں کے ایک اور منظم ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ اس کارروائی کے دوران 11 دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کا تعلق 'فتنہ الہندوستان' سے تھا، جنہیں بھارتی ایجنٹ قرار دیا گیا ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر بیرونی سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کامیاب آپریشنز سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا جڑ سے خاتمہ کیا جا سکے۔