اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انٹرنینشل چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کے مطابق پاکستان میں یکم جنوری 2020 کو تقریباً 16 ہزار 787 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
اس ضمن میں یونسیف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر دنیا بھر میں 3 لاکھ 92 ہزار بچوں کی پیدائش ہوئی جس میں پاکستان کا 4.28 فیصد حصہ ہے۔
خیال رہے یونیسف ہر سال کے آغاز پر پیدا ہونے والے بچوں کا دن مناتا ہے اور اس دن کو دنیا بھر میں پیدا ہونے والے بچوں کو خوش قسمت سمجھا جاتا ہے۔
اس بارے میں جاری فہرست میں بھارت پہلے نمبر پر ہے جہاں پر 67 ہزار 385 بچوں کی پیدائش ہوئی، دوسرے نمبر پر چین ہے جہاں 46 ہزار 229 جبکہ تیسرا نمبر نائیجیریا کا ہے جہاں اس دن 26 ہزار 39 نومولود دنیا میں آئے۔
پاکستان 16 ہزار 787 بچوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر، انڈونیشیا13 ہزار 20 بچوں کے ساتھ پانچویں، امریکا 10 ہزار 452 بچوں کے ساتھ چھٹے پر موجود ہے۔
یونیسیف کے مطابق گزشتہ سال 25 لاکھ نوزائیدہ بچے ایک ماہ کی عمر تک پہنچنے سے پہلے ہی فوت ہوگئے تھے۔