گردوں کی بیماری سے بچاؤ کی تحقیق منظرعام پر

پانی کے زیادہ استعمال سے انسان گردوں کی بیماری سے محفوظ رہتا ہے فائل فوٹو پانی کے زیادہ استعمال سے انسان گردوں کی بیماری سے محفوظ رہتا ہے

گردے ہمارے جسم میں خون کو صاف کرنے، زہریلے مادوں کے اخراج، ضرورت سے زائد پانی سے چھٹکارے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے، خون کے سرخ ذرات کی پیدا وار اور ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

حالیہ تحقیق کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک فرد کسی حد تک گردے کے امراض میں مبتلا ہے اور اگر اس خرابی کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو گردوں کے فیل ہونے کا امکان ہوتا ہے۔

دنیا بھر میں ماہرین گردہ ومثانہ کی رائے ہے کہ اکثر وہ افراد جنہیں ذیابیطس یا ہائی بلڈ پریشر لاحق ہو، آخر کار پروٹین کی بیماری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ ذیا بیطس کے مریضوں کو چاہیے کہ ہر سال کم از کم اپنے پیشاب کا ٹیسٹ ضرور کرائیں۔ اس ٹیسٹ کے ذریعے پتہ چل جاتا ہے کہ پروٹین تو خارج نہیں ہورہی ،یوں بروقت علم ہونے اور بہترعلاج سے مریض تندرست ہو سکتا ہے۔

وجوہات

گردوں میں انفیکشن عام طور پر مثانے میں انفیکشن سے ہوتا ہے اور یہ بیکٹیریا ای کولی کے باعث ہوتا ہے مگر کچھ اور بیکٹیریا بھی یہ خطرہ بڑھاتے ہیں۔ گردوں میں پتھری یا پیشاب میں رکاوٹ بننے والی وجہ بھی اس کا خطرہ بڑھاتی ہے۔

علامات

زیادہ پیشاب آنا: گردوں میں انفیکشن کی ابتدائی علامت عام طور پر معمول سے زیادہ ٹوائلٹ کے چکر لگانے کی شکل میں سامنے آتی ہے۔
پیشاب میں خون آنا: اکثر گردوں میں انفیکشن ایسے بیکٹیریا سے ہوتا ہے جو پیشاب کی نالی سے سفر کرکے مثانے اور پھر گردوں میں پہنچتے ہیں ،جب جسم اس انفیکشن کے خلاف مزاحمت کرتا ہے تو خون کے سرخ خلیات پیشاب کے راستے خارج ہونے لگتے ہیں۔

کمر درد:گردے اگر انفیکشن سے متاثر ہوتو سوجن ہو سکتی ہے،جس کے نتیجے میں کمر درد ہو سکتا ہے۔ کیونکہ وہ کمر کے بہت قریب ہوتے ہیں ،یہ تیز درد کمر کے نچلے حصے میں محسوس ہوتا ہے۔
سر چکرانا: اگر گردوں میں ان انفیکشن کا علاج نہ کرایا جائے تویہ دوران خون تک پھیل جاتا ہے جس کے نتیجے میں پورا جسم متاثر ہو سکتا ہے ،اس انفیکشن کا باعث بننے والے بیکٹیریا سے ہونے والا ورم خون کی شریانوں کو پھیلا سکتا ہے، جس سے بلڈ پریشر کی سطح اچانک کم ہوتی ہے اور سر چکرانے لگتا ہے۔

گردے کی بیماری سے بچنے کے طریقے

زیادہ مقدار میں پانی پینا عادت بنا لیں تاکہ پیشاب کے راستے بیکٹیریا خارج ہوجائیں۔ زیادہ آرام کریں۔ پیشاب نہ روکیں۔ گردوں کی کارکردگی کو غذا اور معمولات زندگی میں تبدیلی کرکے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ تمبا کو نوشی میں کمی ضروری ہے اور اسی طرح نمک کا استعمال کم کیا جائے تاکہ بلڈ پریشر کنٹرول میں رہے۔ باقاعدگی سے ورزش اور پانی کا زیادہ استعمال گردوں کو صحت مند رکھتاہے۔

 

install suchtv android app on google app store