دوپہر کے کھانے کے بعد آنکھیں کھلی رکھنا مشکل ہوتا ہے، کیوں؟

دوپہر کو کھانے کے بعد اکثر افراد کے اندر سونے کی خواہش بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، پلکیں بھاری ہو جاتی ہیں فائل فوٹو دوپہر کو کھانے کے بعد اکثر افراد کے اندر سونے کی خواہش بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، پلکیں بھاری ہو جاتی ہیں

دوپہر کو کھانے کے بعد اکثر افراد کے اندر سونے کی خواہش بہت زیادہ بڑھ جاتی ہے، پلکیں بھاری ہو جاتی ہیں، دماغ میں دھند چھا جاتی ہے اور کام کرنے کا عزم گھٹ جاتا ہے۔

ایسا متعدد افراد کے ساتھ روزانہ ہوتا ہے جسے اکثر سستی یا قوت ارادی میں کمی کا نتیجہ قرار دیا جاتا ہے۔

مگر دوپہر کے کھانے کے بعد ہونے والا یہ تجربہ آپ کے دماغ کے باعث نہیں ہوتا بلکہ ایسا کھانے کے بعد جسم میں آنے والی تبدیلیوں کے باعث ہوتا ہے۔

خاص طور پر اگر آپ نے بہت زیادہ مقدار میں غذا کو جزوبدن بنایا ہو۔

طبی ماہرین نے اس کی پیچھے چھپی چند وجوہات بتائی ہیں جن کے باعث دوپہر کے کھانے کے بعد توانائی کی سطح گھٹ جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دوپہر کو کھانے کے بعد سستی طاری ہونا یا کام کرنے کی خواہش ختم ہونا اکثر جسمانی افعال کا نتیجہ ہوتا ہے۔

ایسا اس وقت ہوتا ہے جب خون کا بہاؤ تبدیل ہوتا ہے اور میٹابولک سسٹم متحرک ہوتا ہے۔

کھانے کے بعد خون معدے میں منتقل ہوتا ہے

ماہرین کے مطابق زیادہ مقدار میں کھانے سے، خاص طور پر کاربوہائیڈریٹس یا چکنائی پر مبنی غذا کے استعمال سے جسم میں ہاضمے سے متعلق نظام متحرک ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جسم خون کو غذائی نالی کی جانب منتقل کرتا ہے تاکہ کھانا ہضم کیا جاسکے اور غذائی اجزا کو جذب کیا جاسکے۔

دماغی ایندھن میں کمی

کھانے کے بعد دل کے افعال تو مستحکم رہتے ہیں مگر معدے کی جانب خون منتقل ہونے سے دماغ کی جانب خون کا بہاؤ کچھ گھٹ جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خون کی جانب آکسیجن اور گلوکوز کی ترسیل میں معمولی کمی اور کھانے کے بعد متحرک ہونے والے ہارمونز کے باعث سستی یا نیند کا احساس ہوتا ہے، سوچنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے اور دماغی دھند کا احساس ہوتا ہے۔

گلوکوز اور انسولین کے اثرات

کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور غذا سے بلڈ گلوکوز کی سطح میں فوری اضافہ ہوتا ہے اور انسولین کا ٹھوس ردعمل سامنے آتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جب انسولین کی جانب سے گلوکوز کی سطح کو نیچے لایا جاتا ہے تو سستی کا سامنا ہوتا ہے اور دماغی دھند بڑھ جاتی ہے۔

واضح رہے کہ یہ تبدیلیاں صحت کے لیے نقصان دہ نہیں بس کچھ دیر میں غنودگی یا سستی خودبخود ختم ہو جاتی ہے۔

install suchtv android app on google app store