اکثر ہم یہ بات نظرانداز کر دیتے ہیں کہ جو پلاسٹک کے برتن یا کنٹینرز ہم کھانے پینے کی اشیاء رکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، وہ حقیقت میں صرف ایک بار کے استعمال کے لیے بنائے گئے ہیں اور استعمال کے فوراً بعد انہیں ضائع کرنا ہی بہتر ہوتا ہے۔
اسی حوالے سے ڈاکٹر آرتی بھنڈاری نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ دیوالی کے موقع پر انہیں مٹھائیاں ملی، جو پلاسٹک کے کنٹینرز میں پیک تھیں۔
ڈاکٹر آرتی نے کنٹینر کے پچھلے حصے پر موجود لیبل دکھایا، جس پر واضح طور پر لکھا تھا کہ یہ صرف سنگل یوز ہے۔
انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ پانی کی بوتل پر لکھی ایکسپائری ڈیٹ دراصل پانی کی نہیں بلکہ بوتل کی ہوتی ہے۔
اگر بوتل کو طویل عرصے تک دوبارہ استعمال کیا جائے تو پلاسٹک کے ذرات پانی یا خوراک میں شامل ہو سکتے ہیں، جو انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ڈاکٹر آرتی نے زور دیا کہ روزمرہ زندگی میں اور خاص طور پر تہواروں کے دوران پلاسٹک کے بجائے ماحول دوست متبادل اپنانا چاہیے تاکہ صحت اور ماحول دونوں محفوظ رہیں۔
ماہرین کے مطابق کھانے پیک کرنے کے لیے متعدد محفوظ اور پائیدار آپشنز دستیاب ہیں، جو پلاسٹک کے نقصان دہ اثرات سے بچا سکتے ہیں۔
کاغذی ڈبے یا ری سائیکل شدہ کارڈ بورڈ ٹرے
یہ بایوڈیگریڈیبل ہونے کے ساتھ خوبصورت بھی دکھتے ہیں اور مٹھائیاں، بسکٹس یا خشک اسنیکس پیک کرنے کے لیے بہترین، مضبوط اور ماحول دوست انتخاب ہیں۔
انہیں سادہ رکھ کر یا ربن اور کارڈ سے سجا کر مزید خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔
بی ویکس ریپ یا سیلیکون کور
بی ویکس ریپ یا سیلیکون کور گریوی یا بچا ہوا کھانا دینے کے لیے بہترین ہیں کیونکہ یہ پلاسٹک کے دوبارہ استعمال کے خطرات کو ختم کرتے ہیں۔
شیشے کے جار یا دھات کے ڈبے
شیشے کے جار یا دھات کے ڈبے مٹھائیاں، خشک میوہ جات یا مصالحے رکھنے کے لیے بہترین ہیں، کیونکہ انہیں بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے اور بعد میں مصالحے یا اچار رکھنے کے کام آ سکتے ہیں۔
یہ تحفے کو خوبصورتی اور پائیداری دونوں کا امتزاج دیتے ہیں۔
کپڑے کی تھیلیاں یا فیبرک ریپ
چاکلیٹ یا چھوٹی مٹھائیاں لپیٹنے کے لیے کپڑے کی تھیلیاں خوبصورت اور ماحول دوست انتخاب ہیں۔ یہ بآسانی دوبارہ استعمال ہو سکتی ہیں اور تحفے کو ایک دلکش اور زیرو ویسٹ انداز دیتی ہیں۔
مٹی یا سیرامک کے برتن
مٹی اور سیرامک کے برتن گھر کی بنی مٹھائیاں دینے کا روایتی مگر اسٹائلش طریقہ ہیں۔ یہ محفوظ، دوبارہ قابلِ استعمال اور سجاوٹ کے طور پر دیرپا یادگار بھی ثابت ہوتے ہیں۔
اگلی بار جب آپ کسی کو مٹھائی یا کھانا دیں تو ایسا کریں کہ تحفہ بھی یادگار ہو اور ماحول بھی محفوظ۔