پھلوں میں انار ایک لذید پھل ہے۔ انسانی جسم کے لیے انار کے فوائد نہ صرف اس کے دانوں تک محدود ہیں بلکہ انار کے چھلکے کے بھی بے پناہ فوائد ہیں۔
یہاں ہم انار کے ابلے ہوئے چھلکے کے چند فوائد اور انار کے خشک چھلکے کی چائے کے فوائد سے متعلق قارئین کو آگاہ کریں گے، تحقیق کے مطابق انار کے چھلکے میں بے پناہ صحت افزا مرکبات پائے جاتے ہیں جیسا کہ
انار کے ابلے ہوئے چھلکوں کے فوائد
تحقیق کے مطابق انار کے چھلکوں کو پانی میں ابال کر پینے سے جسم کے لیے صحت کے کئی اہم فوائد حاصل ہوتے ہیں، چند نمایاں فوائد یہ ہیں۔ا
مراض قلب کی روک تھام: انار کے چھلکے میں وافر مقدار میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ انفیکشن اور قلبی بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔
عمل انہضام کو بہتر کرنا: انار کے ابلے ہوئے چھلکے ہاضمہ کے نظام اور آنتوں کے لیے سوزش کے خلاف خصوصیات رکھتے ہیں۔
منہ اور دانتوں کی صحت کے لیے مفید: انار کے چھلکے کا ایک فائدہ یہ ہے دانتوں کے خراب ہونے اور منہ میں نقصان دہ بیکٹیریا سے لڑنے میں جسم کی مدد کرتے ہیں۔
پیٹ کے لیے کے فوائد: انار کا خشک چھلکا اگر کوٹ کر ابالا جائے اوراس کا پاؤڈ ربنا کر کھایا جائے تو یہ نظام انہضام کو بہتر بنانے میں معاون ہے۔
جلد کے لیے مفید: انار کا پھل اور اس میں شامل غذائی اجزا خاص طور پر اس کے چھلکے انسانی جلد کے لیےایک خاص قدرتی تحفہ ہیں۔
کینسر کے ٹیومر کا مقابلہ کرنے میں مددگار: چونکہ اس میں اینٹی آکسیڈینٹ وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، اس لیے انار کے چھلنے سے پیٹ کے افعال میں اضافہ ہوتا ہے اور اس سے متعلقہ متعدد کینسر بیماریوں سے بچا جاتا ہے، خاص کر پیٹ، بڑی آنت، اور لبلبے کے کینسر سے۔
انار کے چھلکوں کی چائے کے فوائد
کیا آپ نے کبھی انار کے چھلکے کی چائے کے بارے میں سنا ہے؟ تو جناب، انار کے چھلکے کی چائے بھی بنتی ہے اور اس کے فائدے بھی ایسے حیران کن ہیں کہ آئندہ آپ کو انار سے زیادہ اس کے چھلکے میں دلچسپی ہو گی۔
ویب سائٹ ’ہیلتھی بلڈرز‘ کے مطابق ماہرین غذائیات کا کہنا ہے کہ انار کے چھلکے میں متعدد اقسام کے غذائی اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، جن کے حصول کا بہترین طریقہ انار کی چائے ہے۔ یہ چائے انار کے سوکھے چھلکے کے سفوف سے بنتی ہے۔
یہ سفوف بنانے کے لئے آپ انار کے چھلکے صاف پانی سے اچھی طرح دھونے کے بعد دھوپ میں رکھ کر خشک کر لیں۔ خشک ہونے کے بعد ان چھلکوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ لیں۔ آپ انہیں پیس سکتے ہیں، یا بلینڈر یا کافی گرائینڈر میں ڈال کر بھی ان کا سفوف بنا سکتے ہیں۔ اس سفوف کو آپ عام کافی پاؤڈر کی طرح بوتل میں ڈال کر فریج میں محفوظ کر سکتے ہیں۔
چائے بنانے کے لئے ایک کپ پانی میں ایک چمچ انار کے چھلکے کا پاؤڈر ڈالیں۔ اسے چند منٹ تک ابالیں اور پھر چھان لیں۔ آپ اس چائے میں لیموں کا رس اور شہد بھی شامل کر سکتے ہیں۔ اس قدرتی چائے کا ذائقہ بہت ہی لاجواب ہوتاہے اور صحت کے فوائد الگ ہیں۔ یہ چائے آپ کے نظام انہضام کو درست کر دیتی ہے لہٰذا قبض اور بدہضمی سے پریشان لوگوں کو اس کا استعمال ضرور کرنا چاہئیے۔ یہ دل کی بیماری کے خدشے کو کم کرتی ہے، جلد کو ترو تازہ کرتی ہے، دوران خون کو بہتر کرتی ہے۔ اور حتیٰ کہ کینسر جیسی موذی بیماری سے تحفظ میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہے۔
