ملک میں نمونیا کی وجہ سے اموات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا

ملک میں نمونیا کی وجہ سے اموات میں اضافہ فائل فوٹو ملک میں نمونیا کی وجہ سے اموات میں اضافہ

پنجاب میں نمونیا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، حالیہ اعداد وشمار کے مطابق صوبہ بھر میں نمونیا سے متاثرہ مزید 12 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ نمونیا سے اموات کی تعداد 194 ہوگئی ہے جبکہ لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

پنجاب میں 24 گھنٹے کےدوران نمونیا کے 491 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، لاہور میں ایک روز کے دوران 230 نئے کیسز سامنے آئے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں رواں سال نمونیا کے 9 ہزار 321 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صرف لاہور میں رواں سال نمونیا کے 1 ہزار 546 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 45 افراد اپنی جان کی بازی ہار گئے۔

11 جنوری کو شدید سردی کے باعث بچوں میں تیزی سے نمونیا پھیلنے کی وجہ سے طبی ماہرین نے بچوں کو لازمی نمونیا کے حفاظتی ٹیکے لگوانے کی ہدایت جاری کردی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نمونیا کی تشخیص اور علاج کی سہولیات مفت دستیاب ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق سانس لینے میں دشواری، کھانسی ،نزلہ اور بخار نمونیا کی علامات ہیں، بچوں کو نمونیا سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔

انہوں نے بچوں کو گرم کپڑے اور سردی میں باہر نہ نکلنے کی ہدایت بھی دی۔

نمونیا کی وجوہات

نمونیا اگر کسی صحت مند انسان کو ہو تو وہ اس کا مقابلہ با آسانی کرسکتا ہے مگر بچوں کے لیے اس سے نمٹنا بعض اوقات انتہائی مشکل ہوجاتا ہے۔

بچوں کو نمونیا ہونے کی وجوہات میں انہیں دودھ پلانے کی کمی، آلودگی، غذائیت کی کمی، ٹھنڈ میں زیادہ دیر تک رہنا اور کمزور مدافعتی نظام شامل ہے۔

نمونیا کی علامات

نمونیا کی ہلکی علامات بھی جان لیوا ہو سکتی ہیں، اس بیماری کی یہ علامات ہیں:

بلغم اور کھانسی ، بخار، بہت زیادہ پسینہ آنا یا سردی لگنا، معمول کی سرگرمیاں کرنے کے دوران سانس پھولنا، سانس لیتے وقت یا کھانسی کے وقت سینے میں درد محسوس ہونا، تھکاوٹ کا احساس، بھوک میں کمی، متلی محسوس ہونا، سر درد ہونا۔

دیگر علامات آپ کی عمر اور صحت کے مطابق مختلف ہو سکتی ہیں:

شیر خوار یا نومولود بچوں میں بعض اوقات کوئی علامات ظاہر نہیں ہوتیں لیکن بعض اوقات انہیں متلی ہو سکتی ہے، توانائی کی کمی ہو سکتی ہے یا پینے یا کھانے میں پریشانی ہو سکتی ہے۔

5 سال سے کم عمر کے بچوں کو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔

علاج

ڈاکٹرز ابتدائی طور پر تو سینے کا ایکسرے تجویز کرتے ہیں جس سے پھیپھڑوں کے بارے میں صحیح معلومات ملتی ہیں۔

وائرس کے نتیجے میں ہونے والے نمونیا کے لیے اینٹی وائرس ادویات تجویز کی جاتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store