شیر خوار بچے کو آنکھیں مسلتا دیکھ کر آپ کے ذہن میں یہی خیال آتا ہوگا کہ شاید اسے نیند کی ضرورت ہے۔ ہو سکتا ہے آپ ٹھیک سوچ رہے ہوں لیکن اس کی دیگر وجوہات بھی ہو سکتی ہیں۔
شیر خوار بچوں کو مسلسل اپنی آنکھوں کو مسلتا دیکھ کر آپ کو ماہر امراض چشم سے رجوع کرنا چاہیے۔ ہو سکتا ہے وہ آنکھوں میں خشکی، ان میں کسی چیز کا پھنس جانا یا الرجی کی وجہ سے ایسا کر رہا ہو۔
نومولود یا شیر خوار بچے تھکاوٹ اور نیند کی وجہ سے بھی آنکھوں کو مسلتے ہیں۔ ان کی نیند کا دورانیہ لمبا ہوتا ہے اور اگر ایسے میں آپ انہیں جگائے رکھیں تو وہ آنکھوں کو ضرور مسلیں گے۔
ہو سکتا ہے آپ کا بچہ آنکھوں میں خشکی کی وجہ سے بھی ایسا کر رہا ہو۔ عموماً بچے نمی کی کمی کے باعث آنکھوں میں ہونے والی اینٹھن کے باعث بھی ان کو رگڑتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں آرام ملتا ہے۔
بڑوں کو طرح بچے بھی آنکھوں یا پلکوں میں مٹی کا ذرا پھنس جانے کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں۔ اگر بچے کی آنکھوں میں سرخی مائل ہو رہی ہے تو اس کا مطلب اس کی آنکھوں میں کوئی چیز موجود ہے جو اسے تکلیف پہنچا رہی ہے۔
بعض اوقات بچے آنکھوں میں الرجی کی وجہ سے بھی انہیں مسلتے ہیں، لیکن شیر خوار بچے کی آنکھیں بہت کم الرجی کا شکار ہوتی ہیں۔
اگر آپ کا بچہ مسلسل آنکھیں مسل رہا ہے تو اس کو دستانے پہنا دیں تاکہ وہ ناخن سے اپنی ہی آنکھ کو متاثر نہ کر دے، یا پھر اسے کسی دوسری چیز کی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کریں۔
جب شیر خوار بچہ روشنیوں کی طرف متوجہ نہ ہو یا اس کی آنکھوں کا رنگ غیر معمولی لگے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ ممکن ہے بچے کی آنکھ کی انفیکشن ابھی ٹھیک نہ ہوئی ہو۔