انجیر کھانے کے حیرت انگیز طبی فوائد

انجیر فائل فوٹو انجیر

قدرت نے انسانوں کو بے شمار نعمتیں عطا کی ہیں جن میں سے پھل، سبزیاں، میوہ جات وغیرہ شامل ہیں،ان میوہ جات میں ایک انجیر بھی شامل ہے اور انجیر جنت کا پھل بھی کہلاتا ہے۔ انجیر کمزور اور دبلے لوگوں کے لیے قدرت کی نعمت ہے۔ ا نجیر جسم کوپر کشش اور چہرے کو سفید و سرخ رنگت عطا کرنے کے ساتھ ساتھ دلکش بھی بناتی ہے۔

انجیر کا شمار عام اور مشہور پھلوں میں ہوتا ہے۔ انجیر کو بنگالی میں آنجیر، انگلش میں فِگ، عربی میں تین، یمنی میں بلس، سنسکرت، ہندی، مرہٹی اور گجراتی میں انجیر اور پنجابی میں ہنجیر کہتے ہیں۔

یہ نازک پھل کہلاتا ہے اور پکنے کے بعد خود بخود ہی گرجاتا ہے اور اسے دوسرے دن تک محفوظ رکھنا بھی مشکل ہوتا ہے۔ اس کے استعمال کی بہترین صورت اسے خشک کھانا ہے۔

انجیر کے اندر پروٹین، معدنی اجزاء شکر، کیلشیم، فاسفورس پائے جاتے ہیں۔ دونوں انجیر یعنی خشک اور تر میں وٹامن اے اور سی کثیر مقدار میں ہوتے ہیں جبکہ وٹامن بی اور ڈی قلیل مقدار میں ہوتے ہیں۔ ان اجزاء کے پیش نظر انجیر ایک انتہائی مفید غذائی دوا کی حیثیت اختیار کر جاتی ہے۔ اس لیے عام کمزوری اور بخار میں بھی اس کا استعمال اچھے نتائج دیتا ہے۔

قوت مدافعت بڑھائے
انجیر میں قوت مدافعت بڑھانے والے حیرت انگیز خواص جیسے وٹامن اے، سی اور زنک کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء قوت مدافعت کو بڑھاکر موسم سرما کی بیماری جیسے کھانسی اور فلو سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

بہتر نظام ہاضمہ
فائبر سے بھرپور انجیر ایک قدرتی قبض کشا کے طور پر کام کرتی ہے اس میں موجود غذائیت آنتوں میں موجود اچھے بیکٹیریا کی تعداد کو بڑھا کرآنتوں کی حرکت کو معمول پر لاتی جس سے قبض جاتی رہتی ہے۔

اینٹی آکسیڈینٹ سے مالامال
اس میں پولی فینول نامی مرکب پایا جاتا جو اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات رکھتا ہے یہ جسم میں دیگر کیمیکلزکی موجود گی میں آکسیجن کی سطح کو توازن میں رکھتا ہے۔

ہڈیوں کی صحت کا ضامن
انجیرمیں کیلشیم، میگنیشیم، فاسفورس اور ہڈیوں کی مضبوطی کے ضامن دیگر منرلز موجود ہوتے ہیں۔ یہ ہڈیوں کی صحت کو فروغ دے کر عمر رسیدگی کی اثرات جیسے آسٹیو پروسس سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

بلڈ پریشر
نمک کا زیادہ استعمال جسم میں پوٹاشیم کی کمی کا سبب بنتا ہے جس سے بلڈ پریشر بڑھنے لگتا ہے انجیر جسم میں قدرتی طور پر پوشیم کی سطح کو بڑھا کر بلڈ پریشر کو توازن میں رکھتی ہے۔

install suchtv android app on google app store