جہاں صحت مند جسم کیلئے صحت مند غذا اہم ہے تو وہیں صحت مند طرزِ زندگی بھی لازمی تصور کیا جاتا ہے۔
اگر آپ بھی اپنا وزن کم کر کے جاذبِ نظر دکھائی دینا چاہتی ہیں تو درج ذیل ڈائٹ پلان پر عمل کر کے چند ہفتوں میں ناصرف اپنا بڑھا ہوا وزن کم کر سکتی ہیں بلکہ اس سے آپ اپنی صحت میں بھی پہلے سے بہتری محسوس کریں گی۔
چیا سیڈز:
چیا سیڈز یعنی تخم داؤدی کو اگر روزانہ صبح ناشتے میں دہی یا دودھ میں ملا کر لیں تو وزن تیزی سے کم ہوتا ہے۔
چکوترے کا رس:
اس کے ساتھ ناشتے میں گریپ فروٹ (چکوترہ) کے رس کو سیب کے سرکے میں ملا کر پینے سے بھی وزن میں کمی آتی ہے۔
سبزیوں کا سوپ:
دوپہر کے کھانے میں سبزیوں سے تیار کردہ سوپ لیں، اس میں لوکی، گاجر، شلجم اور کڑی پتا شامل کریں۔ ان سبزیوں کو اس قدر پکانا ہے کہ یہ چمچ سے باآسانی گُھل جائیں، خیال رہے کہ یہ سوپ گاڑھا نہ ہو بلکہ پانی کی طرح ہو۔ اس کے ذائقے میں اضافے کے لیے حسبِ ذائقہ ثابت کالی مرچیں، چند ثابت لال مرچیں اور نمک بھی شامل کر سکتے ہیں۔
مذکورہ بالا اجزاء کے علاوہ آپ کو دن بھر کی خوراک میں کیلوریز کی مقدار کو کنڑول کرنا ہے اور اپنی ڈائٹ میں پروٹین اور فائبر کو بڑھانا ہے، جنہیں آپ سبزیوں اور پھلوں کے استعمال سے لے سکتے ہیں۔
کیلوریز پر کنٹرول:
اگر آپ کھانے کی شوقین ہیں اور ڈائٹ کرنا آپ کے لیے مشکل ہے تو کوئی بات نہیں، آپ کو بس یہ کرنا ہے کہ آپ جو بھی کھائیں اس میں کیلوریز کی مقدار کو کنٹرول میں رکھیں۔ جسم کے ایک کلو گرام وزن کے لیے ایک گھنٹے میں ایک کیلوری درکار ہوتی ہے۔
کیلوری کی ضروریات دن، بدن، قوت کے استعمال کے مطابق بدلتی رہتی ہے، زیادہ فارغ رہنے والے آدمی کو 2500 کیلوری یومیہ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ ایک اوسط متحرک آدمی کو 3000 کی اور سخت محنت مزدوری کرنے والے فرد کو 4500 یا اس سے زیادہ کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے۔
خواتین کو کم کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے، اگر وہ فارغ ہیں تو 2100 اور اگر زیادہ کام کرتی ہیں تو 3000 کی ضرورت ہو گی۔ آپ اپنی ضرورت کے مطابق دن بھر میں مخصوص مقدار میں کیلوریز لے سکتے ہیں۔
ورزش و چہل قدمی:
روزمرہ کی خوراک کو قابو میں رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ ہلکی پھلکی ورزش اور چہل قدمی کو بھی اپنے معمول میں شامل کر لیں۔