کیا آپ روزانہ ایک سیب کھانے کا یہ فائدہ جانتے ہیں؟

سیب فائل فوٹو سیب

کہا جاتا ہے کہ ایک سیب روزانہ ڈاکٹر کو دور رکھتا ہے اور کافی حد تک یہ بات درست ہے۔

درحقیقت تازہ پھلوں اور سبزیوں کو کھانے کی عادت ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ بلڈ شوگر کو بڑھنے سے روکتی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرنل آف نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ذیابیطس ٹائپ 2 اور ہائی بلڈ شوگر کے مریض اگر روزانہ صرف ایک سیب بھی کھالیں یا کسی اور پھل یا سبزی کی اضافی مقدار کا استعمال کریں تو ان کے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے جبکہ نقصان دہ کولیسٹرول بھی گھٹ جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے جارج انسٹیٹوٹ کی تحقیق میں شامل محققین کا کہنا تھا کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ متوازن غذا اچھی صحت کی کنجی ہے، مگر بہت کم افراد ہی پھلوں اور سبزیوں کو مناسب مقدار میں کھاتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے ذیابیطس ٹائپ 2 کے 50 مریضوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں اور انہیں 12 ہفتوں تک صحت بخش غذا فراہم کی گئی۔ 12 ہفتوں میں ان افراد کی غذا، بلڈ کولیسٹرول اور جسمانی وزن میں نمایاں بہتری آئی۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ اچھی غذا کا استعمال ذیابیطس کے مریضوں کی صحت کو بہتر بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب اس تحقیق کو زیادہ بڑے پیمانے پر کیا جائے گا تاکہ صحت کو ہونے والے فوائد کی تصدیق کی جاسکے۔

install suchtv android app on google app store