گھر کی صفائی ستھرائی کے لئے آج کل بے شمار کلینرز دستیاب ہیں جنہیں بیشتر خواتین اپنی خریداری کی فہرست میں ضرور شامل کرتی ہیں ۔ ان کلینرز کی مدد سے گھر کا فرش اور کاونٹرز وغیرہ صاف تو ہوجاتے ہیں لیکن چونکہ ان میں مختلف اقسام کے کیمیکلز شامل ہوتے ہیں.اس لئے یہ عموماً صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں ۔
مشاہدے میں آیا ہے کہ گھر میں بلیچ جیسے کلینرز کے استعمال سے نہ صرف بچوں بلکہ بڑوں کو بھی دمہ کی شکایت ہوجاتی ہے ۔ جبکہ کچھ کیمیکلز ایسے ہیں جن کے استعمال سے حساس جلد کی حامل خواتین مختلف قسم کی الرجیز میں مبتلاء ہوجاتی ہیں ۔
لہذا کیا یہ بہتر نہیں کہ آپ ہری بھری اور صحت بخش جڑی بوٹیوں اور گھریلو استعمال میں شامل بے ضرور قسم کی چیزوں سے اپنے کلینرز خود بنائیں ۔ اس طرح نہ صرف آپ کی صحت محفوظ رہ پائے گی بلکہ پیسوں کی بچت بھی ہوگی ۔
یہاں آپ کے لئے ہربل کلینرز بنانے کے دو طریقے پیش کئے جارہے ہیں جن کی مدد سے آپ اپنے گھر کا فرش ، کاونٹر ، اوون ، چولہے اور سلیب وغیرہ بخوبی صاف کرسکیں گی ۔
ہربل اسپرے :
ایک سے دو مٹھی بھر پودینہ ، لیونڈر کے پتے ، روزمیری اور لیمن گراس لے کر اچھی طرح کچل لیں ۔ اسپرے بنانے کے لئے ان تمام جڑی بوٹیوں کا موجود ہونا ضروری نہیں ، اگر ان میں سے کوئی ایک دستیاب نہ بھی ہوتو کوئی مضائقہ نہیں ۔ اس کے علاوہ جڑی بوٹیوں کی بجائے خشک پتیاں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں ۔
کچلی ہوئی جڑی بوٹیوں کے کھلے منہ کے ایک جار میں ڈالیں اور اوپر سے سفید سرکہ بھر دیں ، اب جار کو بند کرکے دو تین روز کے لئے رکھ دیں تاکہ تمام اجزاء اچھی طرح یکجان ہوجائیں ۔ پھر جار میں سبزیاں نکال دیں اور محلول کسی اسپرے بوتل میں بھرلیں ۔
ہربل اسپرے تیار کرنے کا ایک اور طریقہ یہ کہ جڑی بوٹیوں کی بجائے پانچ سے دس ٹی بیگز سِرکے میں ڈال کر رکھ دیں ۔ پھر دو سے تین روز بعد انہیں نکال دیں اور محلول کو اسپرے بوتل میں بھر کر استعمال کریں ۔ کرسکیں گی ۔
یوکلپٹس فلورواش :
فرش کی صفائی کے لئے یہ محلول بنانے کی خاطر ایک چمچ یوکلپٹس آئل ، دوکھانے کے میتھائل اسپرٹ اور تقریباً پانچ لیٹر گرم پانی درکار ہوگا ۔ تمام اجزاء کو ایک بالٹی میں مکس کریں پھر پورے گھر میں اس محلول کا پونچھا لگائیں اور خشک ہونے دیں ۔
یوکلپٹس قدرتی اینٹی سیپٹک ہے اور اس میں جراثیم کش خصوصیات پائی جاتی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اس سے تیار کئے گئے فلورواش کو آپ گھر کے ہر کمرے کی صفائی میں استعمال کر سکتی ہیں ۔تاہم صفائی کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ کو پونچھا محلول میں بالکل گیلا نہ ہو بلکہ صرف نم ہو۔
مزید یہ کہ پونچھا لگانے سے پہلے فرش کو اچھی طرح ویکیوم کریں یا جھاڑو سے صاف کریں ۔ آپ نے دیکھاکہ گھرداری کے لئے صحت بخش طریقے اختیار کرنا مشکل نہیں اور ان کے فائدے بھی بے شمار ہیں ۔
لہذا اپنی روٹین کوتوڑتے ہوئے ان نئے طریقوں پر عمل کرکے ضرور دیکھیں ۔