پاکستان کی معروف اداکارہ، اینکر اور سوشل ورکر مشی خان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ فی الحال سماجی مسائل پر آواز اٹھانے کا سلسلہ روک رہی ہیں۔
مشی خان ہمیشہ عوامی مسائل پر کھل کر بات کرنے کے لیے جانی جاتی رہی ہیں، چاہے وہ معاشرتی انصاف ہو یا جانوروں کے حقوق، لاقانونیت ہو یا عام عوامی معاملات۔
ان کی بے باک رائے اور سچائی کو ہمیشہ مداحوں کی بڑی تعداد نے سراہا۔ تاہم ان کا حالیہ فیصلہ سب کے لیے حیران کن ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے معاشرتی مسائل پر ویڈیوز اور تنقید کرنا چھوڑ رہی ہیں کیونکہ اب انہیں یقین ہے کہ معاشرے میں بہتری کی کوئی امید باقی نہیں رہی۔
اپنے بیان میں مشی خان نے کہا کہ وہ برسوں سے ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہیں مگر حالات سدھرنے کے بجائے مزید بگڑ رہے ہیں، اور اب انہیں کہیں روشنی کی کرن نظر نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بار بار مسائل دیکھنے اور ان پر بولنے سے ان کا ذہنی سکون متاثر ہوا ہے، اس لیے فی الحال وہ اپنی زندگی اور ذہنی سکون کو ترجیح دیتے ہوئے اپنے لیے وقت نکالنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا، اب میری پہلی ترجیح میری صحت ہے کیونکہ انسان کے لیے اپنی ذات پر توجہ دینا بھی ضروری ہے اورمیں کچھ عرصے کے لیے صرف اپنی ذات پر توجہ دوں گی۔
مداحوں نے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ کچھ نے ان کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ، ”اپنی ذات کو ترجیح دینا سب سے اہم ہے، آپ نے درست قدم اٹھایا ہے۔“
ایک صارف نے لکھا کہ، ”صحت ہے تو سب کچھ ہے گو ہمیں آپ کی غیر موجودگی کا احساس رہے گا۔“
کچھ لوگوں نے افسوس کا اظہار بھی کیا کہ ایک مضبوط اور بے خوف آواز خاموش ہو رہی ہے۔