بالی ووڈ اسٹار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کیس میں گرفتار ملزم نے دورانِ حراست خودکشی کرلی، ملزم کے اہلخانہ نے پولیس پر قتل کا الزام لگا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ انوج تھاپن نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر سلمان خان کے ممبئی کے گھر پر فائرنگ کے لیے ملزمان کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔
پولیس کے مطابق انوج تھاپن گزشتہ روز بیت الخلا گیا لیکن وہ کافی وقت گزرنے کے باوجود بیت الخلا سے باہر نہیں آیا جس پر پولیس نے بیت الخلا کا دروازہ کھولا تو سامنے ملزم پھندا ڈال کے لٹکا ہوا تھا۔
انوج کو اسپتال لے جایا گیا جہاں دورانِ علاج اس کی موت ہوگئی۔دوسری جانب انوج تھاپن کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے جیل میں قتل کیا گیا ہے۔
ملزم کے بھائی ابھیشیک نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم انوج کے قتل کا انصاف چاہتے ہیں۔