شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے یوم تشکر میں مصطفیٰ کمال کے حق میں نعرے لگا دیے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
عام انتخابات 2024 میں کامیابی پر متحدہ قومی مومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کی جانب سے 11 فروری کو جناح گراؤنڈ، عزیز آباد میں یوم تشکر اور جشن منایا گیا۔
ایم کیو ایم کے یومِ تشکر میں جہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی تو وہیں معروف اداکارہ حرا مانی بھی اپنے شوہر مانی کے ہمراہ اس جشن کا حصہ بنیں۔
اس تقریب کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حرا مانی اسٹیج پر کھڑے ہوکر مائیک میں ایم کیو ایم کے رہنما مصطفیٰ کمال کے حق میں نعرے لگا رہی ہیں۔
حرا مانی مائیک میں کہتی ہیں کہ “مصطفیٰ کمال ہے کمال ہی کمال ہے، ہمارا بھائی آگیا ہے، ہم سب کراچی میں سکون سے جیئیں گے، ہماری سڑکیں بھی بنیں گی، ہمیں حق بھی ملے گا، سینا چوڑا کرکے جیئیں گے کیونکہ اب کراچی میں مصطفیٰ کمال آگئے ہیں”۔
اس کے علاوہ حرا مانی نے تقریب میں موجود شرکاء کے دل جیتنے کے لیے اپنے مقبول ترین ڈرامہ سیریل “دو بول” کا گانا “جا تجھے معاف کیا” بھی گایا۔
واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 میں الیکشن کمیشن کے مطابق ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی کی 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، کراچی میں این اے 244 سے ایم کیوایم کے فاروق ستار 20048 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے جبکہ مصطفیٰ کمال کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 242 سے 71767 ووٹ لے کر جیتے۔