سوشل میڈیا پر جہاں انفلوئنسرز کے کانٹینٹ کو سراہا جاتا ہے وہیں منفی تبصرے کرنے والوں کی بھی کمی نہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں نوجوان میک اپ آرٹسٹ نے اپنی جان لے لی۔
سوشل میڈیا پوسٹ پرانہی منفی تبصروں نے بھارت کے 16 سالہ نوجوان کی جان لے لی، بھارتی میک اپ آرٹسٹ نے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے پرانشو نامی میک اپ آرٹسٹ اپنے میک اپ ٹیوٹوریل کے سبب انسٹاگرام پر کافی مقبول تھے۔
وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر بیوٹی اور میک اپ ٹیوٹوریلز کی ویڈیوز شئیر کرتے تھے۔
پرانشو نے دیوالی کے موقع پر بھی ساڑھی پہن کر خود کو خاتون کے روپ میں دِکھاتے ہوئے ایک ٹرانزیشن ریل پوسٹ کی تھی۔
اس پوسٹ پر مداحوں نے میک اپ کی مہارت کو خوب پسند کیا، لیکن بہت سے منفی تبصرے بھی دیکھنے میں آئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی میک اپ آرٹسٹ کی اس پوسٹ پرصارفین کی جانب سے 4000 سے زائد منفی اور نفرت انگیز تبصرے کیے گئے تھے۔
انسٹا پوسٹ پران تبصروں نے 16 سالہ پرانشو کے ذہن پر گہرا اثر ڈالا، اور اس نے ذہنی دباؤ کے زیر اثرآ کر خودکشی کرلی۔