شعیب اختر کا فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے متعلق اہم اعلان

شعیب اختر فائل فوٹو شعیب اختر

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی پر بننے والی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ سے خود کو علیحدہ کر رہے ہیں۔

انسٹاگرام پر جاری پیغام میں شعیب اختر نے کہا کہ ’انتہائی دکھ کے ساتھ، میں آپ سب کو آگاہ کرنا چاہتا ہوں کہ کئی ماہ غور و خوض کے بعد میں نے فلم راولپنڈی ایکسپریس اور اس کے میکرز سے خود کو الگ کر نے کا فیصلہ کیا ہے اور اپنی منیجمنٹ اور قانونی ٹیم کے ذریعے میں نے معاہدہ ختم کردیا ہے۔‘

شعیب اختر نے مزید لکھا : ’یقیناً یہ ایک ڈریم پروجیکٹ تھا اور میں نے اس میں شامل رہنے کیلئے کافی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے چیزیں بہتر نہ ہوسکیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’احسن طریقے سے اختلافات حل کرنے میں ناکامی اور معاہدے کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث بالآخر مجھے ان کے ساتھ تعلقات منقطع کرنے پڑے۔‘

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور فاسٹ بولر نے کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ میں نے پروجیکٹ چھوڑ دیا، اس معاملے پر میں نے تمام قانونی ضابطے پورے کیے اور اپنی زندگی کی کہانی استعمال کرنے کے حوالے سے دیے گئے حقوق منسوخ کردیے ہیں۔‘

شعیب اختر نے خبردار کیا کہ ’اگر فلم میکرز نے بائیوگرافی فلم پر کام جاری رکھا اور میرا نام یا میری زندگی کی کہانی کسی بھی طرح استعمال کی تو سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘

install suchtv android app on google app store